اڈپی21؍دسمبر (ایس او نیوز)یہاں سے قریب بیڈلکٹے میں پی یو سیکنڈ ایئر کی ایک 17سالہ طالبہ نے اپنے گھر میں پھانسی کا پھندہ لگاکر خودکشی کرلی۔اس طرح ہلاک ہونے والی طالبہ کا نام رامچندرا اچار کی بیٹی کاونا بتایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جب صبح کے ناشتے پر کاونا اپنے روم سے باہر نہیں آئی تو اس کے والد نے اسے آواز دی۔ اندر سے مقفل اس کاکمرہ کھٹکھٹانے اور پکارنے پر کوئی جواب نہ پاکر رامچندرا نے پڑوسیوں کی مدد سے کمرے کا دروازہ توڑا تو اندر پنکھے میں ساری سے بنے پھندے کے ساتھ کاونا لٹکتی ہوئی ملی۔ اس وقت اس کا جسم اکڑ رہاتھا، تو فوری طور پر اسے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، لیکن راستے میں ہی اس نے آخری سانس لی۔
اس کے کمرے سے ملے ڈیتھ نوٹ میں خود کشی کے لئے خود کو ہی ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے صرف "سوری امّی، سوری ابو اور سوری بھائی "لکھا ہوا تھا۔ خود کشی کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی بات ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔کوٹہ پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔